27 اکتوبر 2026 - 16:16
امریکا کا عراق سے ایران کے ساتھ 17 سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کا مطالبہ

عراق کے الانبار اتحاد کے ایک رکن احمد عبداللہ الدلیمی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی سے ایران کے ساتھ تجارت کے لیے استعمال ہونے والی 17 سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام ایران پر اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے الانبار اتحاد کے ایک رکن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکا نے عراق سے ایران کے ساتھ واقع اپنی 17 سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

احمد عبداللہ الدلیمی نے خبر رساں ادارے المعلومہ کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت نے عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراق اور ایران کے درمیان واقع ان 17 سرحدی گزرگاہوں کو بند کر دیں جو تجارتی لین دین کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

الدلیمی نے مزید کہا کہ اس مطالبے کو اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق، یہ ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کرنے کے امریکی منصوبے کا حصہ ہے، جس کے لیے اس بار عراق کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عراقی رہنما نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم علی فالح الزیدی نے امریکی مطالبے پر کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا، حالانکہ ایران کے ساتھ تجارتی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ خود عراق کے مفادات کو بھی نقصان پہنچائے گا، کیونکہ عراقی منڈی ایرانی درآمدی اشیا پر انحصار کرتی ہے۔

الدلیمی نے مزید کہا کہ امریکا اس مقصد کے حصول کے لیے عراق کو ایک اہم کردار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ان کے بقول، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی حکومت عراق کو علاقائی تنازعات میں گھسیٹنے اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha